سرینگر//
بارہمولہ پولیس نے ایس ایس پی کی سربراہی میں مجسٹریٹ کی موجودگی میں لاسی پورہ پلوامہ میں کروڑوں روپیے مالیت کی ضبط شدہ ممنوعہ مواد اور منشیات کی بھاری مقدار کو تباہ کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا’’ضلع سطحی ڈرگ ڈسپوزل کمیٹی بارہمولہ نے آج ایس ایس پی امود ناگپورے کی سربراہی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن ۵۲کے تحت ضبط شدہ ممنوعہ مواد اور منشیات کی بھاری مقدار کو تباہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ اوڑی، بونیار، پٹن، کریری، کنزر اور ٹنگمرگ پولیس اسٹیشنوں میں درج ۲۷کیسوں میں ضبط شدہ ممنوعہ اشیا کو تباہ کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا’’ضبط شدہ اشیا میں۳۰۳ء۶کلو ہیرائن‘۴۱۳ء۶۳کلو پوست کا بھوسا‘۲۰۷گرام گانجا‘۶۵۲گرام بھنگ‘۶۰۰گرام بھنگ پائوڈر‘۹۵۰ء۳کلو بھنگ بوسہ‘۹۵۳گرام چرس‘۱۲۰ء۱کلو چرس پائوڈر اور۱۲۷گرام فکی شامل ہے ‘‘۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی ڈی ایس پی ڈی اے آر ڈی پی ایل بارہمولہ، ڈی ایس پی اے این ٹی ایف کشمیر، ڈی ایس پی سی آئی ڈی سی آئی پلوامہ، ایگیزکیٹو مجسٹریٹ کنزر وغیرہ کی سربراہی والی ایک کمیٹی کی موجودگی میں کشمیر ہیلتھ کیئر سسٹم لاسی پورہ پلوامہ میں انجام دی گئی۔