نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا عمل اس وقت نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور بے روزگاری کی شرح چھ برسوں میں سب سے کم سطح پر ہے ۔
مودی نے کہا کہ حکومت ملک میں ہنرمندی کی ترقی کو بڑھا کر عالمی سطح پر ہمارے نوجوانوں کیلئے مواقع بڑھانے میں مصروف ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا’’جیسے جیسے ہندوستان کی معیشت پھیل رہی ہے‘ آپ جیسے نوجوانوں کیلئے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔ ایک حالیہ سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندوستان میں روزگار کی تخلیق ایک نئی بلندی پر پہنچ گئی ہے۔ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح چھ برسوں میں اپنی کم ترین سطح پر ہے ‘‘۔
مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کوشل کانووکیشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔
وزیر اعظم نے کہا ’’ملک کے دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں بے روزگاری تیزی سے کم ہو رہی ہے ۔ جس کا مطلب ہے کہ ترقی کے ثمرات گاؤں اور شہروں دونوں تک یکساں طور پر پہنچ رہے ہیں۔ دونوں جگہوں پر نئے مواقع بھی یکساں طور پر بڑھ رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندوستان کی مزدور آبادی میں خواتین کی شرکت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اسے خواتین کو بااختیار بنانے کی اسکیموں اور مہموں کا اثر بتایا ہے ۔
مودی کاکہنا تھا کہ ہنرمندی کی ترقی کی وزارت کے زیراہتمام منعقدہ یہ پروگرام ہنر مندی کی ترقی سے متعلق اداروں کی مشترکہ تقریب تھی۔انہوں نے اسے ایک قابل ستائش اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ آج کے ہندوستان کی ترجیحات کی بھی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے اس تقریب میں شرکت کرنے والے پورے ملک کے نوجوانوں کو نیک تمنائیں دیں۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان آنے والے برسوں میں دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بنا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورا بھروسہ ہے کہ ہندوستان اگلے تین چار برسوں میں دنیا کی سب سے بڑی تین معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ جس کی وجہ سے آپ (نوجوانوں) کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے ، آپ کو روزگار اور خود کے روزگار کے زیادہ مواقع ملیں گے ۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ملک کے قدرتی وسائل اور صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے جس اہم قوت کی ضرورت ہوتی ہے وہ نوجوان قوت ہے اور یہ یوتھ پاور جتنی مضبوط ہوتی ہے اتنا ہی ملک ترقی کرے گا اور ملکی وسائل کے ساتھ اتنا ہی انصاف ہوتا ہے ۔
مودی نے کہا کہ آج ہندوستان اپنے نوجوانوں کو اس سوچ سے بااختیار بنا رہا ہے اور پورے ماحولیاتی نظام میں بے مثال بہتری لا رہا ہے اور اس میں بھی ملک کا نقطہ نظر دو رخی ہے ۔ ہم اپنے نوجوانوں کو ہنر اور تعلیم کے ذریعے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار کر رہے ہیں اور حکومت تقریباً چار دہائیوں کے بعد نئی تعلیمی پالیسی لے کر آئی ہے ۔