جموں//
صدر جمہوریہ ہند‘ درو پدی مرمو اپنے دورہ جموں و کشمیر کے دوسرے دن جمعرات کو جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں واقع ماتا ویشنو دیوی مندر پہنچیں جہاں انہوں نے دوبارہ تعمیر شدہ پاروتی بھون اور ۲سو میٹر طویل سکائی واک کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) انشول گرگ نے صدر جمہوریہ کو ان دو پروجیکٹوں کے متعلق جانکاری فراہم کی۔بعد ازاں صدر مرمو نے ویشنو دیوی مندر میں پوجا بھی کی۔
جموں ہوائی اڈے پر جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر راجندر شرما اور دیگر سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔
صدر جمہوریہ کے دورے کے پیش نظر کٹرہ میں سیکورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا اور گاڑیوں وغیرہ کی تلاشی بھی کی جا رہی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ۲سو میٹر طویل سکائی واک سے یاتریوں کا سفر آسان اور ہموار ہوگا۔
ذرائع نے کہا کہ۸۹ء۹کروڑ روپیوں سے زیادہ کی لاگت سے تیار کی گئی اس سہولیت جو ٹریک کی سطح سے ۲۰فٹ اوپر ہے ، یاتریوں کے کثیر جہتی بہائو اور منوکمنا بھون اور گیٹ نمبر۳کے درمیان افرا تفری کی صورتحال پر قابو پانے میں مدد کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سکائی واک کو یاتریوں کے بہائو کو کم کرنے اور بھون میں بھیڑ کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کے لئے بنایا گیا ہے ۔
حکام کے مطابق پاورتی بھون کو۱۵کروڑ روپیوں کی لاگت سے مکمل طور پر سر نو تعمیر کیا گیا ہے اور یہ یاتریوں کے لئے ایک مفت سہولیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کو سکائی واک کے ساتھ جوڑا دیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقیبنی بنایا جاسکے کہ یاتری اپنا سامان جمع کرانے کے بعد براہ راست مندر پر جا سکیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس میں۱۵سو لاکرز کی سہولیت دستیاب ہے ۔
قبل ازیں انہوں نے سری نگر میں راج بھون کے آڈیٹوریم کے احاطے پر پگوڈا کا پودا لگایا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہاؔؔ’’راج بھون آڈیٹوریم سری نگر کے احاطے میں پگوڈا کا پودا لگانے کے لئے معزز محترمہ درو پدی مرمو جی کے ہمراہ تھا‘‘۔
بتادیں کہ صدر جمہوریہ اپنے دو روزہ جموں و کشمیر کے لئے بدھ کے روز سری نگر پہنچیں جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بعد ازاں صدر جمہوریہ سیدھے بادامی باغ فوجی چھائونی, جو فوج کی۱۵ویں کور کا ہیڈ کوارٹر ہے ، پہنچی جہاں انہوں نے شہدا کی یاد گار پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بادامی باغ فوجی چھائونی میں شہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد صدر مرمو نے کشمیر یونیورسٹی کے۲۰ویں کنووکیشن سے خطاب کیا۔
صدرجمہوریہ ہند کے دورے جموں وکشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سیکورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا تھا۔