جموں/۱۱جولائی
سرینگر‘جموں قومی شاہراہ بند رہنے کی وجہ سے شری امر ناتھ جی یاترا کے لئے یاتریوں کے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ منگل کو چوتھے روز بھی معطل رہا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قومی شاہراہ بند رہنے کی وجہ سے منگل کو بھی یاتریوں کو بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یاتریوں کے کسی بھی جھتے کو کشمیر روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ پر قریب 7 ہزار یاتری جبکہ ضلع رام بن کے چندر کوٹ میں زائد از 5 ہزار یاتری درماندہ ہیں۔
انتظامیہ درماندہ یاتریوں کو سہولیات بہم پہنچانے کے لئے تمام تر اقدام کر رہی ہے ۔
دریں اثنا کشمیر میں قائم ننون پہلگام بیس کیمپ اور بالتل بیس کیمپ سے یاترا جاری ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پہلے دس دنوں کے دوران زائد از ایک لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے جو ایک ریکارڈ ہے ۔62 دنوں پر محیط یہ سالانہ یاترا 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
جموں و کشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فیقد المثال انتظامات کئے ہیں۔