سری نگر//
جموںکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے دسویں جماعت کے سالانہ ریگو لر ۲۰۲۳ء کے نتائج کا اعلان کیا ہے جس میں جموںوکشمیر یوٹی اور لداخ یوٹی کے۸۰فیصد طلباء کو کامیاب قرار دیا گیا ہے ۔
جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیز میں جماعت دسویں سیشن کے سالانہ ریگولر۲۰۲۳ء کیلئے کُل ایک لاکھ۴۸ہزار۷۰۱طلباء کا اِندراج کیا گیا تھا جن میں سے ایک لاکھ۱۸ہزار۷۸۱طلباء نے اِمتحان پاس کیا ہے ۔ یہ اِمتحان۱۶۱۵ مراکز پر منعقد کیاگیا تھا جو سافٹ اور ہارڈ زون کے دونوں یوٹیز میں شناخت کئے گئے تھے۔
نتائج میں۱۳ہزار۸۲۳ طلباء نے اے ون گریڈ کے ساتھ اِمتحان میں کوالیفائی کیا‘۱۸ہزار۴۸۹ طلباء اے ٹو گریڈ‘۲۴ہزار۱۴۷ طلباء بی وں گریڈ ‘۲۸ہزار۸۸۰ طلباء بی ٹوگریڈ ‘۲۶ہزار۲۴۸ طلباء سی ون گریڈ ‘۷ہزار۱۳۳سی ٹوگریڈ جبکہ ۷۸ طلباء کو ڈی گریڈ میں رکھا گیا ہے۔
چیئر پرسن جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن پروفیسر ( ڈاکٹر ) پرکشت سنگھ منہاس نے دسویں جماعت کے سالانہ ریگولر ۲۰۲۳ء کے اِمتحان کے پورے اِمتحانی عمل پر اَپنے اَطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے یکسان تعلیمی کیلنڈر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بہترین رہنمائی او رتعاون کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا ،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، سیکرٹری ایجوکیشن آلوک کمار کا شکریہ اَدا کیا۔
منہاس نے تمام شراکت داروں کو بھی مُبارک باد دی اور پوری صوبائی اور ضلعی سطح کی اِنتظامی مشینری ، اِنڈیا پوسٹس ، جے کے بی او ایس اِی کے اَفسران اور ملازمین کی پوری ٹیم ، اَساتذہ جنہوں نے اِمتحان کے خوش اَسلوبی سے اِنعقاد کے لئے انتھک اِشتراک کیا اور تشخیص میں تعاون اور سبھی کا شکریہ اَدا کیا۔ دوسرے لوگ جنہوں نے حکومت کے اس ویژن کی کامیابی میں بالواسطہ یا بلا واسطہ تعاون کیا ہے جس میں دونوں یوٹیز کے تمام طلباء کو ایک ہی تعلیمی سیشن میں اِکٹھا کیا گیا اور ان کا نتیجہ کامیابی کے ساتھ اعلان کیا گیا۔
چیئر پرسن جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے کہا،’’ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ دسویں جماعت کا نتیجہ بہت خوش کن رہا ہے ۔ طلباء اور ان کے والدین جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیز میں بکھرے ہوئے تعلیمی سیشنوں کو یکجا کر نے کے مقصد کو حاصل کرنے میں دِل کی گہرائیوں سے قبولیت اور تعاون کے لئے زبردست تعریف کے مستحق ہیں۔وہ طلباء جو اس بار ناکام ہوئے اُنہیں حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے اور نئے جوش کے ساتھ دوبارہ کوشش کرنی چاہیے۔‘‘
جے کے بی او ایس اِی نے نتائج کے گزٹ تک طلباء کی رَسائی کو آسان بنانے کے لئے مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے مناسب اِنتظامات کئے ہیں۔ پہلی بار ان کا نتیجہ ڈیجی لاکر سروس پر دستیاب ہوگا۔ اِس کے لئے طلباء کو ڈیجی لاکر ایپ ڈائون لوڈ کرنا ہوگی اور مطلوبہ تفصیلات بھرنے کے بعد اسے رجسٹرکرنا ہوگا۔
اس دوران انٹرنیشنل اسلامک اسکول سرینگر کی طالبہ ‘ صدف مشتاق ۵۰۰ میں سے ۴۹۸نمبر لے کر ٹاپر بنیں۔
صدف نے کہا کہ اس نے کسی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ نہیں لیا۔ ’’میں نے اسکول اور گھر میں تعلیم حاصل کی اور کسی پرائیویٹ کوچنگ سینٹر میں شامل نہیں ہوئی۔‘‘