بڈگام//
حکومت نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے پانچ گاؤں کو ’منشیات سے پاک‘ گاؤں قرار دیا ہے۔
یہ دعویٰ پولیس اور ضلع انتظامیہ نے کیا ہے۔ یہ گاؤں ڈنڈوسہ، بونین، ہردویل، نارو اور کھگ ہیں۔
حکومت نے کہا کہ ان دیہاتوں نے ضلعی انتظامیہ کی ٹھوس کوششوں سے سو فیصد منشیات سے پاک درجہ حاصل کر لیا ہے۔
مقامی ذرائع نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ان دیہات میں مختلف آگاہی پروگرام منعقد کیے گئے اور ان دیہاتوں کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے سول سوسائٹی اور معزز دیہاتیوں سے تعاون طلب کیا گیا جنہوں نے منشیات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ سال پولیس نے ضلع بڈگام میں منشیات کے کاروبار سے متعلق معاملات میں کم از کم ۱۲۳؍ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پولیس نے گزشتہ سال بڈگام کے مختلف تھانوں میں منشیات فروشوں کے خلاف ۶۹ مقدمات درج کیے تھے۔