سرینگر/12اپریل
جنوبی ضلع کولگام میں خاتون کی پراسرار موت کے خلاف بدھ کے روز لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
اس موقع پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر آفیسران نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ شفاف طریقے سے اس کیس کی تحقیقات ہوگی ۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز کولگام میں خاتون کی پراسرا ر موت واقع ہونے کے بعد بدھ کے روز مرد و زن ، بچے اور بوڑھوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کی طرف پیش قدمی شروع کی۔
معلوم ہوا ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ڈی سی آفس کے باہر دھرنا دیا اور مبینہ قتل میں ملو ث افراد کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر آفیسران نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے پہلے ہی اس معاملے میں جانچ شروع کی لہذا لوگوں کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔
پولیس کے سینئر آفیسرنے مظاہرین کو بتایا کہ ہم سے کوئی بے گناہ جیل نہ جائے ، ہم سے کوئی گنہگار نہ چھوٹ جائے اسی فارمولہ پر قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہیں۔انہوں نے کہاک اگر کسی کوئی شک ہے تووہ پولیس کو اس بارے میں آگاہ کریں۔
پولیس آفیسر نے مزید بتایا کہ پولیس کے سینئر آفیسران اس کیس کو دیکھ رہے ہیں لہذا عوام الناس قانون نافذ کرنے والے ادارے پر بھروسہ رکھیں۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد احتجاج کرنے والے پر امن طورپر منتشر ہوئے ۔