سرینگر//(ویب ڈیسک)
جموں کشمیر حکومت نے اب تک مختلف محکموں میں۲۶ہزار اسامیوں کی نشاندہی کی ہے جن میں گزیٹیڈ، نان گزیٹیڈ اور درجہ چہارم شامل ہیں۔
ایک میڈیا رپورٹ میں سرکاری اہلکاروں کے حوالے سے کہا گیا ہے’’موجودہ سال کے دوران بھرتی کیلئے جن اسامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں سے زیادہ تر نان گزیٹیڈ کیڈر اور درجہ چہارم میں ہیں جبکہ باقی گزیٹیڈ افسران کے لیے ہوں گے‘‘۔
مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے مختلف کیڈرز بشمول گزیٹیڈ، نان گزٹیڈ اور درجہ چہارم میں خالی اسامیوں کی نشاندہی کرنے کے لیے ایک تفصیلی مشق کی گئی ہے اور یہ تعداد۲۶ہزار کے لگ بھگ ہے۔ تاہم کچھ محکموں میں یہ مشق ابھی بھی جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے کلیئرنس کے بعد، پوسٹوں کو پبلک سروس کمیشن (پی ایس سی) اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کو بھیجا جائے گا۔
بھرتی کرنے والی ایجنسیاں حکومت کی طرف سے تفصیلی نوٹ حاصل کرنے کے بعد ہی خالی اسامیوں کو پْر کرنے کی مشق شروع کریں گی۔
ذرائع نے بتایا ’’اسامیوں کی تعداد میں قدرے اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کچھ محکمے اگلے چند دنوں میں فہرست پر نظر ثانی کر سکتے ہیں‘‘۔
کچھ دن پہلے، حکومت نے تمام محکموں سے کہا تھا کہ وہ خالی اسامیوں کی نشاندہی کریں اور انہیں مارچ تک جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرائیں۔یکم اپریل تک خالی اسامیوں کو پی ایس سی اور ایس ایس بی کو بھیج دیا جائیگا اور دونوں بھرتی ایجنسیاں بھرتی کا عمل شروع کریں گی جو کیلنڈر سال میں مکمل ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق‘اسی طرح کا عمل اگلے سالوں میں شروع کیا جا سکتا ہے۔ محکمے مارچ میں خالی اسامیوں کو حتمی شکل دیں گے اور انہیں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ(جی اے ڈی) کو بھیجیں گے، جو بدلے میں یکم اپریل تک اسامیوں کو بھرتی کرنے والی ایجنسیوں کو بھیج دے گا۔
رپورٹ میںاہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے ’’تمام کوششیں کی جائیں گی کہ مشتہر کی گئی اسامیاں اسی سال تحریری امتحانات اور دیگر عمل کیلئے مقرر کردہ ٹائم لائن کے ساتھ پْر ہو جائیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند بے روزگار نوجوانوں کو اسامیوں کے بارے میں پہلے سے اچھی طرح سے آگاہ کیا جائے گا۔
تاہم، اگر کچھ اسامیاں ہنگامی حالت میں پْر کی جائیں، تو وہ مستثنیٰ ہوں گے، انہوں نے کہا، ایسی اسامیوں کی تعداد کم سے کم ہوگی۔
حکومت نے حال ہی میں ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ٹائم لائنز اور رہنما خطوط/ضوابط کو پورا کرنے کے لیے فوری طور پر موجودہ سال کے لیے مشقیں شروع کریں تاکہ محکموں میں پیدا ہونے والی تمام آسامیاں ۳۱ مارچ تک بھیج دی جائیں۔
ذرائع نے بتایا ’’سالانہ کیلنڈر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کیلنڈر سال میں جمع ہونے والی اسامیاں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کو بھیجی جائیں، جیسا کہ کیلنڈر سال کے آغاز کے فوراً بعد ہو سکتا ہے‘‘۔
ایک سال سے بھی کم عرصے میں سرکاری محکموں میں۲۶ہزار سے زیادہ خالی اسامیوں کو پْر کرنے کو ’اہم‘ قرار دیتے ہوئے‘رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے بے روزگار نوجوانوں کو تمام کیڈر بشمول گزیٹیڈ، نان گزیٹیڈ اور درجہ چہارم سے متعلق اسامیاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔