جموں/۱۱اکتوبر
جموں وکشمیر پردیش کانگریس نے یوٹی انتظامیہ کی شراب پالیسی کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ انتظامیہ مندروں کے شہر جموں میں شراب کے کاروبار کو وسعت دے کر نوجوان نسلی کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے پیر کی شام کو ایک فیصلے کے تحت ڈپارٹمنٹل سٹوروں پر بھی بیئر دستیاب رکھنے کے احکامات صادر کئے جس کے خلاف لوگوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔
جموں میں کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں نے انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور الزام لگایا کہ ایل جی انتظامیہ شراب کلچر کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔
مظاہرین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ مندروں کے شہر جموں میں شراب کے کاروبار کو وسعت دینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈپارٹمنٹل سٹوروں پر ہماری مائیں ، بہنیں گھریلو اشیاءخریدنے کے لئے جاتی ہیں اور وہاں پر کھلے عام شراب فروخت کرنا ناقابل برداشت ہے ۔
اُن کے مطابق موجودہ انتظامیہ عوامی رائے کے برعکس فیصلہ لے رہی ہیں جس وجہ سے عوام الناس میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہیں۔
مظاہرین نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فیصلے کو فوری طورپر واپس لیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔