سرینگر/۰۱اکتوبر
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سنہا نے کہا ہے کہ اگلے سال ریل کے ذرےعے کشمیر کنیا کماری سے جڑ جائے گا جبکہ گزشتہ تین برسوں کے دوران یو ٹی کی کنیکٹوٹی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے ۔
سِنہا آج یہاں ایس کے آئی سی سی سرینگر میں چوتھی ہیلی اِنڈیا سمٹ سے خطاب کررہے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنرکاکہنا تھا کہ جموں کشمیر کو کنیکٹوٹی کا مسئلہ درپیش تھا لیکن گزشتہ تین برسوں میں اس ضمن میں کافی پیش رفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ کروڑ روپے کے ہائی وے اور ٹنل پروجیکٹ چل رہے ہیں۔
سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر جتنا خوبصورت ہے اسی رفتار سے اس کی ترقی بھی ہو رہی ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا” جموںکشمیر میں مختلف قدرتی مقامات پر سال بھر سیاحوں کی آمدرہتی ہیں جس میں جموںوکشمیر یوٹی میں ہیلی ٹوراِزم مارکیٹ کو فروغ دینے کی صلاحیت ہے ۔ ہم ہیلی خدمات کی ترقی میںسہولیت اور مدد کے لئے پُر عزم ہےں۔ میں صنعتی کپتانوں کو اِس تبدیلی کے سفر میں شراکت دار بننے کی دعو ت دیتا ہوں۔“
سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جدید معاشرے کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے مضبوط بنیادی ڈھانچہ ، تمام دیہاتوں تک سڑکوں کے رابطے ، مکانات ، دیہی بجلی ،قدرتی اور اِنسانی وسائل کے مکمل اِستعمال سے جموں وکشمیر یوٹی کے تعمیر نو کو یقینی بنایا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان بنیادی ڈھانچے کی سکیموں جیسے بھارت مالا ، ساگر مالا اور اُڑان کے مربوط عمل آوری کی راہ ہموار کررہا ہے۔
سِنہا نے وزیرا عظم نریندر مودی کی طرف سے متعارف کی گئی اِصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کی ہوابازی شعبے میں مسافروں کی آمدو رفت میں بے مثال ترقی ہوئی ہے اور اِسی طرح ’ادے دیش کا عام ناگرگ‘ کے نظریہ¿ پر عمل کرتے ہوئے عام آدمی کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے پروازوں کے راستوں، ہوائی جہازوں اور بہتر علاقائی ہوائی رابطے میںاِضافہ ہوا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ مختصر وقت میں وزیر اعظم کی رہنمائی میں 65ہوائی اڈے ، 8ہیلی پورٹ اور 2واٹر ائیروڈروم ٹائر۔دوم اور ٹائر ۔ سوم شہروں میں چلائے گئے اور جلد ہی ہندوستان مستقبل قریب میں ٹاپ 10 ایئر فریٹ مارکیٹوں میں شامل ہو جائے گا۔