نہیں صاحب سیاست میں کشش ہے اور اس میں اللہ میاں کی قسم کوئی شک نہیں ہے … بالکل بھی نہیں ہے ۔سیاست کو پر کشش صرف یہ حقیقت نہیں بناتی ہے کہ اس میں بے پناہ پیسے کمانے کی گنجائش ہے … خوب گنجائش موجود ہے ۔نہیں صاحب ‘ اس لئے نہیں کہ پیسے … بے پناہ پیسے تو دوسرے شعبوں میں بھی کمانے کی پوری پوری گنجائش موجود ہے اور… اور سو فیصد موجود ہے ۔ سیاست کو جو بات پر کشش بناتی ہے اور… اور سو فیصد بناتی ہے وہ ہے آزادی … کوئی بھی بات کرنے کی آزادی ۔ سیاست چاہے تو وہ کوئی بھی بات ‘ کوئی بھی وعدہ کر سکتا ہے اور… اور اللہ میاں کی قسم کوئی پوچھنے والا نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔جس کے منہ میں زبان بھی نہیں ہو تی ہے ‘ جو بے زبان ہوتا ہے، سیاست میں آکر اس کے بھی منہ میں زبان آجاتی ہے اور… اور وہ بھی فر فر کر کچھ بھی کہہ سکتا ہے… کچھ بھی کہتا ہے ۔اسی لئے تو صاحب جو لوگ سیاست میںنہیں ہیں ‘ انہیں یہ دیکھ کر منہ میں پانی آتا ہے اور… اور پھر وہ بھی اپنا منہ کھولتے ہیں اور کچھ بھی بولتے ہیں… حالانکہ انہیں بولبے … کچھ بھی بولنے کا کوئی اختیار نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ اور جن کے منہ میں پانی آتا ہے وہ ملک کشمیر کے غیر سیاسی لوگ ہیں… جنہیں سیاست کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے‘ کوئی واسطہ نہیں ہے … لیکن… لیکن ان کے بھی منہ میں پانی آرہا ہے… اس لئے وہ خاموش نہیں رہ پا رہے ہیں… اب انہیں صبر نہیں ہو رہا ہے … بالکل بھی نہیں ہو رہا ہے اور…اور اس بے صبری کی وجہ سے انہوں نے ملک کشمیر میں سیاستدانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے… ایسے ایسے بیان دیتے ہیں… ایسی ایسی باتیں کرتے ہیں کہ سیا ستدان کا سر بھی چکرا جائے … وہ بھی حیران ہو جائے اور… اور اس لئے حیران ہو جائے کہ جو اس کا کام تھا … جو اس کا کام ہے وہ کوئی اور کررہا ہے… وہ کررہاہے جس کے ذمہ یہ کام نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے … لیکن کیا کیجئے گا اپنے اس ملک کشمیر کا کہ… کہ یہاں کوئی کچھ بھی کر سکتا ہے اور… اور کسی کو جواب دئے بغیر کر سکتا ہے ۔ اس میں سیاستدان کیا اور غیر سیاسی لوگ کیا۔ ہے نا؟