سرینگر//
وادی کشمیر میں عید میلادالنبیؐکی تقریب سعید ۸؍اکتوبر کو منعقد ہوگی۔
اس سلسلے میں انتظامیہ نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران انتظامات کو حتمی شکل دی۔
عید میلاد النبیؐکی سب سے بڑی تقریب آثار شریف حضر ت بل میں منعقد ہوگی۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں زائرین شب خوانی میں شرکت کرنے کی خاطر ہفتے کی صبح سے ہی پہنچنا شروع ہوئے ۔
وقف بورڈ نے زائرین کی سہولیات کیلئے بہتر انتظامات کئے ہیں جبکہ آثار شریف درگاہ حضرت بل کے اردگرد زائرین کی سہولیات کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
محکمہ فوڈ کی جانب سے درگاہ حضرت بل میں ایک سٹال میں بھی قائم کیا گیا جہاں پر زائرین کے لئے کھانے پینے کی سہولیات میسر رکھی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز درگاہ حضرت بل میں ہر نماز کے بعد زائرین موئے پاک ﷺکے دیدار سے فیضاب ہونگے ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل کے اردگرد سیکورٹی کے بھی پختہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔
دریں اثنا صوبائی کمشنر کشمیر نے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران آفیسران کو تقریبات کے سلسلے میں ایمبولینس گاڑیوں کے علاوہ پانی‘بجلی‘صفائی ستھرائی ‘ٹرانسپورٹ اورپارکنگ کیلئے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کے سلسلے میں ضلع سطحوں پر بھی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔
دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے عید میلاد النبی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے ۔
ٍ اپنے ایک پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’عید میلاد النبی ﷺکے پرمسرت موقع پر میں سب کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں ہمدردی ، محبت اور صالح زندگی کی راہ دکھائی ۔ ان کی آفاقی محبت اور ہمدردی کی تعلیمات ہم میں سے ہر ایک کو ہم آہنگی اور اتحاد کے ساتھ رہنے اور سب کیلئے امن ، خوشحالی اور خوشی لانے کی رہنمائی کرے ۔ ‘‘
عید میلالبنی ؐ کو اتوار کو منایا جارہا ہے ۔اس سلسلے میں درگاہ حضرت بل میں ہر نماز کے بعد موئے مقدس کی نشاندہی کی جائیگی ۔