جموں/26 ستمبر
سابق وزیر اعلیٰ‘غلام نبی آزاد، جنہوں نے اگست میں کانگریس کے ساتھ اپنی پانچ دہائیوں سے زیادہ طویل وابستگی کو ختم کیا، نے اپنی نئی سیاسی پارٹی کا آغاز کیا ہے جس کا نام ڈیموکریٹک آزاد پارٹی ہے۔
سینئر سیاست دان اور سابق وزیر اعلیٰ نے یہاں جموں خطہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اپنی نئی پارٹی ’جمہوری آزاد پارٹی‘کے نام کا اعلان کیا۔
آزاد نے کہا کہ ان کی نئی پارٹی کےلئے تقریباً 1500 نام انہیں اردو، سنسکرت سمیت مختلف زبانوں میں بھیجے گئے ہیں۔ ”ہندی اور اردو کا مرکب ہندوستانی‘ ہے۔ ہم چاہتے تھے کہ یہ نام جمہوری، پرامن اور آزاد ہو“۔
اس سے پہلے، آزاد نے کانگریس چھوڑنے کے بعد جموں میں اپنی پہلی عوامی میٹنگ میں، اپنی سیاسی تنظیم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جو مکمل ریاست کی بحالی پر توجہ مرکوز کرے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر کے لوگ پارٹی کے نام اور جھنڈے کا فیصلہ کریں گے۔
آزاد نے مزید کہا”میری پارٹی مکمل ریاست کی بحالی، زمین کے حق، اور مقامی باشندوں کو روزگار فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی“۔
کانگریس کے دو درجن سے زیادہ سرکردہ لیڈران بشمول سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند، کئی سابق وزراءاور قانون سازوں نے بھی آزاد کی حمایت میں کانگریس سے استعفیٰ دے دیا۔