سری نگر/24ستمبر
جموں وکشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے کھارپورہ رتنی پورہ گاوں میں مشتبہ جنگجووں کی فائرنگ میں دو غیر مقامی مزدور شدید طورپر زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے ہفتے کی شام کو کھار پورہ رتنی پورہ پلوامہ میں دو غیر ریاستی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے ۔
ترجمان نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا۔زخمیوں کی پہچان شمشاد احمد ولد اسلام شیخ اور فیضان قساری ساکنان بہار کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق ہسپتال میں دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن چلایا، لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کے بعد کھار پورہ رتنی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔
بتادیں کہ بارہ اگست کو سادہ نارہ بانڈی پورہ میں ملی ٹینٹوں نے ایک غیر مقامی مزدور کو گولی مار کر ہلاک کردیاتھا۔