سرینگر/19 ستمبر
متحد علما اہل سنت کا پانچ رکنی وفد پیر کے روز کچھ علما کی حالیہ گرفتاری اور دیگر کئی امور پر گفت و شنید کے لئے یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقی ہوا۔
ملاقات کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کاروان اسلامی کے سر براہ مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ ہم نے ملاقات کے دوران کئی مسائل خاص طور پر کچھ علما کی حالیہ گرفتاری کا معاملہ اٹھایا۔
حامی نے کہا’لیفٹیننٹ گورنر سے ہمیں مثبت جواب ملا اور ہمیں امید ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا کر گرفتار کئے گئے علما کو جلد رہا کیا جائے گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملاقات کے دوران فروٹ گروورس کا بھی مسئلہ اٹھایا جومال کو ٹرانسپورٹ کرنے کے حوالے سے گوناگوں مشکلات سے دو چار ہیں۔
سربراہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے اس ضمن میں مثبت جواب دیا اور حکومت کی طرف سے اس ضمن میں اقدام کرنے کی یقین دہانی کی۔
وفد کے ایک اور رکن بشیر احمد نے کہا کہ ہم نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ گذشتہ چند دنوں کے دوران کچھ علما کی گرفتاری اور فروٹ گروورس کو درپیش مسائل اٹھائے ۔انہوں نے کہا’موصوف ایل جی نے ہمیں دھیان سے سنا اور اس ضمن میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی‘۔
بتادیں وادی میں گذشتہ کچھ دنوں کے دوران کئی علما کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔