سرینگر/16 ستمبر
جموں و کشمیر انتظامیہ نے جی بی پنت اسپتال کی پیڈیاٹرک خدمات کو سری نگر کے بمنہ علاقے میں نئے تعمیر شدہ 500 بستروں والے چلڈرن اسپتال میں منتقل کردیا ہے۔
ایک سرکاری حکم کے مطابق، جی بی پنت ہسپتال کی تمام بچوں کی خدمات کو 500 بستروں والے چلڈرن ہسپتال میں منتقل کرنے کا فیصلہ پرنسپل، گورنمنٹ میڈیکل کالج، سری نگر کے تمام اہم پہلوو¿ں اور منصوبوں کی مناسب فعالیت کا جائزہ لینے کے بعد لیا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ”مریضوں کی ہموار نگہداشت کے مفاد میں، جی بی پنت ہسپتال سری نگر میں میڈیسن‘زچگی اور گائناکالوجی اور جراحی کی خدمات کو جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے“۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جی بی پنت ہسپتال، ڈاکٹر نذیر حسین چودھری نے بتایا کہ بچوں کی تمام خدمات کو بمنہ میں نئے تعمیر شدہ ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
تمام خدمات بشمول وارڈز، لیبارٹریز، آئی سی یو، ڈی آئی سی اور این آر سی وغیرہ بمنہ کے چلڈرن ہسپتال میں کام کریں گی۔ ہم کام پر ہیں، ہمارا عملہ نئے تعمیر شدہ ہسپتال میں بھی متحرک ہے تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال میں کوئی پریشانی نہ ہو“۔
نیز، حکومت جلد ہی ڈلگیٹ علاقے میں سینے کے امراض (سی ڈی) اسپتال کو جی بی پنت اسپتال میں منتقل کرے گی۔