سرینگر/12 ستمبر
محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم نے سری نگر کے راج باغ علاقے میں گھوم رہے ریچھ اور اس کے بچے کو پکڑ لیا ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے تعلیمی ادارے اب حسب معمول کھل سکتے ہیں۔
بتادیں کہ ریچھ کے گھومنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور اتوار کے روز اس ریچھ نے لال منڈی علاقے میں ایک نجی اسکول کے چوکیدار کو زخمی کر دیا تھا۔
ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا”21 گھنٹوں کے طویل نان اسٹاپ آپریشن کے بعد گذشتہ روز راج باغ علاقے میں نمودار ہونے والے ریچھ کو بے ہوش کر دیا گیا، وائلڈ لائف محکمے کی سربراہی والی ٹیم نے بہت بڑا کام انجام دیا“۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کو صاف کر دیا گیا ہے اور علاقے کے تمام تعلیمی ادارے اب حسب معمول کھل سکتے ہیں۔
دریں اثنا ریچھ کے پکڑنے سے علاقے کے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔