سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے پنزہ نارہ علاقے میں سسرال میں خاتون کی پُر اسرار موت واقع ہونے کے بعد مرکنڈل میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد اور لواحقین نے احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں کا الزام ہے کہ خاتون کو پھانسی دے کر قتل کر دیا گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کے پنزہ نارہ میں سسرال میں دو بچوں کی ماں کی پُر اسرار موت واقع ہونے کے خلاف لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
احتجاجیوں کا الزام تھا’’۲۴سالہ خاتون دو بچوں کی ماں ہے اور وحشیانہ طریقے سے اُس کو پھانسی پر لٹکایا گیا ہے ‘‘۔
مظاہرین نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جانی چاہئے اور فوری طورپر خاتون کی لاش والدین کے سپرد کی جانی چاہئے ۔
مقامی شہری محمد شفیع نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ۲۴سالہ مہوش بانو زوجہ فاورق احمد حجام کا وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا’’متوفی خاتون کا سسرال والوں نے جینا دو بھر کیا تھا اور اُس کو مختلف بہانوں سے تنگ طلب کرنے کے ساتھ ساتھ اُس کی مارپیٹ کی جاتی تھی‘‘۔
دریں اثنا پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات ہوگی اور جوکوئی بھی اس میں ملوث ہوگا اُس کو بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہاکہ خاتون کی موت کیسے اور کن حالات میں ہوئی اس کی تحقیقات شروع کی گئی ہے اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کرا س کیس کی تفتیش شروع کی گئی ہے ۔
اُن کے مطابق قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد میت وارثین کے حوالے کی جائے گی۔