یقیناً لالچوک کا گھنٹہ گھر شاہجہاں کا بنایا ہوا نہیں ہے اور اس لیے نہیں ہے کیونکہ یہ تاج محل نہیں ہے اور بالکل بھی نہیں ہے……. یہ ہمارا گھنٹہ گھر ہے، لالچوک کا گھنٹہ گھر۔ ہمارا اور آپ کا اپنا گھنٹہ گھر۔ لیکن……. لیکن کیا کیجیے گا ان لوگوں کا جو باہر سے زرِ کثیر خرچ کرکے کشمیر آتے ہیں اور گھنٹہ گھر پہنچ جاتے ہیں……. اسی طرح جس طرح کوئی زرِ کثیر خرچ کرکے شاہجہاں کے تاج محل کو دیکھنے کیلئے آگرہ پہنچ جاتا ہے۔ صاحب! ہم تو حیران ہیں کہ آخر ایسا اس گھنٹہ گھر میں کیا ہے……. یا یوں کہیے کہ اس میں نیا کیا ہے جو لوگ اسے دیکھنے آتے ہیں کہ یہ تو صدیوں سے نہ سہی لیکن کئی دہائیوں سے وہاں پر ہے……. کل تک تو اسے کوئی پوچھتا تک نہیں تھا اور آج جسے دیکھئے وہ اسے دیکھنے آتا ہے……. اس کے سامنے کھڑا ہوکر اپنی سیلفی لیتا ہے……. بالکل ایسے ہی جیسے کوئی حیدرآباد کے چار مینار کے سامنے کھڑا ہوکر سیلفی لیتا ہے۔ کہتے ہیں کہ دنیا کے لوگوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے، ایک وہ جنہوں نے تاج محل کو دیکھا ہوگا اور ایک وہ جنہوں نے کبھی اس کی زیارت نہیں کی ہے……. اور جو اہمیت لالچوک کا گھنٹہ گھر حاصل کر چکا ہے لگتا ہے کہ کل کو لوگ یہ کہنا شروع نہ کردیں کہ دیش واسیوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے……. ایک وہ جنہوں نے گھنٹہ گھر دیکھا ہے اور دوسرا وہ جس نے اسے نہیں دیکھا ہے۔ صاحب! کوئی انہیں کہہ دے کہ جناب آپ کے ہاں گھنٹہ گھر سے بھی خوبصورت عمارتیں ہیں……. گھنٹہ گھر تو کوئی عمارت بھی نہیں ہے، ایک ڈھانچہ ہے جسے رنگ و روغن سے سجایا گیا ہے یا سجانے کی کوشش کی گئی ہے……. بس یہ اس سے زیادہ ہے اور نہ کم اور لوگ اسی کے دیوانے ہو رہے ہیں۔ کشمیر گھنٹہ گھر نہیں ہے اور……. اور یہ بھی سچ ہے کہ کشمیر ایسے کئی گھنٹہ گھروں کا گھر ہے کہ کم و بیش ہر ضلع میں ایک گھنٹہ گھر تو ہے ہی……. پھر لالچوک کے گھنٹہ گھر میں کیا خاص ہے……. ہم نہیں جانتے ہیں سوائے اس ایک بات کے کہ……. کہ اپنا یہ گھنٹہ گھر اتنا مشہور ہوا ہے یا اسے اتنا مشہور کیا جا رہا ہے کہ عین ممکن ہے کہ……. کہ کشمیر کی ساری کی ساری مرغیاں……. دیسی مرغیاں کل سے لالچوک کے گھنٹہ گھر پر ہی انڈا دینے کی مانگ نہ رکھیں……. گھنٹہ گھر نہیں تو انڈا بھی نہیں۔ ہے نا؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



