نئی دہلی، 24 اکتوبر (یو این آئی) نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے ہفتے کے روز بہادر رہنما پیریا مرودو (بڑے بھائی) اور چنّا مرودو (چھوٹے بھائی) کو ان کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پہلی جنگِ آزادی سے قبل جنوبی ہندوستان میں غیر ملکی تسلط اور کمپنی کی حکمرانی کے خلاف ایک وسیع جدوجہد کی قیادت کی تھی۔
مسٹر رادھا کرشنن نے نائب صدرجمہوریہ کی رہائش گاہ پر دونوں رہنماؤں کی تصویروں پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر کے ساتھ لکھا، ”اس عظیم یومِ شہادت پر، میں مرودو برادران کی بہادری، قربانی اور لگن کو یاد کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کرتا ہوں اور خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ مرودو برادران نے نہ صرف جنگِ آزادی میں غیر معمولی تعاون دیا بلکہ روحانی ریاضت کے میدان میں بھی اپنی منفرد شناخت قائم کی۔
مرودو برادران کے نام سے مشہور دونوں بھائی تمل ناڈو کے شیو گنگا علاقے کے عظیم مجاہدینِ آزادی اور ماہر فوجی کمانڈر تھے۔ انہوں نے 1857 کی پہلی جنگِ آزادی سے 56 سال پہلے، یعنی 1801 میں ہی برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف جنوبی ہندوستان میں ایک وسیع بغاوت کی قیادت کی تھی۔ مادرِ وطن کی عزت، وقار اور اس کی عظیم وراثت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرنے کے سبب انگریزوں نے انہیں پھانسی دے دی تھی۔
نائب صدر کے سکریٹریٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی تسلط کے خلاف مرودو برادران کی جانب سے جاری کیا گیا ”جَمبودیپ اعلانیہ” ایک تاریخی دستاویز کی حیثیت سے موجود ہے، جو ان کی آزادی کی خواہش اور عوام کو متحد کرنے کے لیے ان کی دوراندیش سوچ کی تصدیق کرتا ہے۔








