نئی دہلی، 09 ستمبر (یو این آئی) دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ 4، ستمبر کو سیلاب اورپانی جمع ہونے کا "گمراہ کن” مواد پھیلانے کے الزام میں ایئرپورٹ آپریٹر نے 63 سوشل میڈیا ہینڈلز کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ڈائل) نے یہ ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ اس نے الزام لگایا ہے کہ ان سوشل میڈیا ہینڈلز نے "ہوائی اڈے پر سیلاب اور واٹر لاگنگ دکھانے والے اور ایئرپورٹ کے کام کاج میں رکاوٹ کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے گمراہ کن اور غلط پوسٹ” پھیلائے تھے۔ انہوں نے ایسے ویڈیوز اور پوسٹ شیئر کیئے جو ہوائی اڈے کی واقعی صورتحال کو درست طور پر نہیں دکھاتے تھے۔
ڈائل کے ایک ترجمان نے کہا، "کچھ سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعہ گمراہ کن مواد پھیلانا جان بوجھ کر لوگوں میں الجھن پیدا کرنے، ایک عوامی سروس ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور مسافروں کے ذہن میں بلا وجہ تشویش پیدا کرنے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایئرپورٹ کے کام کاج کے بارے میں درست معلومات کے لیے صرف ہمارے سرکاری چینلز پر ہی بھروسہ کریں۔”
ڈائل نے بتایا کہ ایک پوسٹ میں دبئی ہوائی اڈے پر واٹر لاگنگ کی ایک پرانی ویڈیو کو دہلی ہوائی اڈے کا بتایا گیا تھا۔ ڈائل کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے، "ایسے مواد کا مقصد لوگوں میں الجھن پیدا کرنا، غلط معلومات دینا، ایک ضروری عوامی سروس کو بدنام کرنا اور دہلی ہوائی اڈے کے کام کاج کی صورتحال کو لے کر مسافروں کے ذہن میں بلا وجہ تشویش پیدا کرنا تھا۔”
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 4، ستمبر کو شدید بارش کے بعد دہلی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-3 کے ارائیول فورکورٹ میں کچھ وقت کے لیے پانی جمع ہو گیا تھا۔ ڈائل نے بتایا ہے کہ علاقے میں سہ پہر 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے کے درمیان تین گھنٹے میں 72.2 ملی میٹر بارش درج کی گئی تھی۔ اس نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 منٹ کے اندر جمع شدہ پانی کو ہٹا دیا گیا اور آپریشن محفوظ اور معمول کے مطابق چلتا رہا۔







