پورٹ آف اسپین// ہندوستان نے اکشر پٹیل (64)، شریس ایر (63) اور سنجو سیمسن (54) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
اتوار کو کوئنز پارک اوول میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کے سامنے 50 اوورز میں 312 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے ٹیم انڈیا نے دو گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔ ہندوستان نے 44.1 اوور میں دیپک ہڈا کی شکل میں آخری وکٹ گنوایا ، اور اسے 35 گیندوں پر 56 رنز درکار تھے۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم یہ میچ ہار جائے گی لیکن اکشر پٹیل نے 182.86 کے اسٹرائیک ریٹ سے 35 گیندوں میں 64 رنز بنا کر ہندوستان کو فتح دلائی۔ اکشر نے اپنی اننگز میں تین چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے شائی ہوپ (115) کی سنچری اور نکولس پورن (74) کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان کو 50 اوورز میں 312 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرز ہوپ اور کائل میئرز نے ویسٹ انڈیز کو ٹھوس آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 65 رنز جوڑے۔ ہوپ نے ایک اینڈ کو سنبھالے رکھا جبکہ میئرز نے تیز کھیلتے ہوئے 23 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنائے۔
میئرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آنے والے شمارا بروکس نے 35 (36) رنز بنائے۔ اکشر پٹیل نے بروکس کو اور یوزویندرا چہل نے برینڈن کنگ (0) کو پویلین بھیجا، لیکن اس کے بعد کریز پر آنے والے کپتان نکولس پورن نے ہوپ کے ساتھ 117 رنز کی شراکت کرکے ہندوستان کو دوبارہ دباؤ میں ڈال دیا۔ پوران نے 77 گیندوں کی اپنی اننگز میں ایک چوکے اور چھ چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔ شاردل ٹھاکر نے پورن کو آؤٹ کر کے سنچری شراکت توڑ دی۔ اس کے ساتھ انہوں نے جارح بلے باز روومین پاول (13) کو بھی ہاتھ کھولنے سے پہلے ہی پویلین لوٹا دیا۔