مرکزی تقریب کیلئے تمام انتظامات مکمل، بخشی اسٹیڈیم میں عوام کا داخلہ مفت ہوگا‘ دوسرے اضلاع میں بھی فل ڈیس ریہرسل
سرینگر؍۱۳؍اگست
جموں و کشمیر میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب کی فل ڈریس ریہرسل جمعرات کو سری نگر میں منعقد ہوئی۔
کشمیر کے ڈویژنل کمشنر انشل گرگ نے بخشی اسٹیڈیم میں پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔ بخشی اسٹیڈیم میں ہی جموں و کشمیر کی مرکزی یومِ آزادی تقریب منعقد کی جائے گی۔
مختلف سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر سول انتظامیہ اور پولیس کے متعدد اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران اسکولی طلبہ نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے، جبکہ فوج کے ہیلی کاپٹروں نے فضا سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
وادی کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر بھی یومِ آزادی کی فل ڈریس ریہرسل منعقد کی گئی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مرکزی تقریب یا اپنے متعلقہ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں۔
گرگ نے کہا کہ۱۵؍ اگست کی تقریب کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ پریڈ دستے، اسکولی بچے اور مختلف محکمے ریہرسل میں حصہ لے رہے ہیں۔
صوبائی کمشنر نے کہا، ’’میں یومِ آزادی کے موقع پر کشمیر کے تمام لوگوں اور سری نگر کے شہریوں کو پیشگی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ میں سب کو دعوت دینا چاہتا ہوں کہ۱۵ اگست کو بخشی اسٹیڈیم آئیں اور اس قومی تقریب کا حصہ بنیں۔‘‘
ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ لوگ اپنے متعلقہ ضلعی یا علاقائی ہیڈکوارٹرز میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کرسکتے ہیں، جبکہ بخشی اسٹیڈیم میں یونین ٹیریٹری سطح کی تقریب میں شرکت کے خواہش مند افراد کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا۔
گرگ نے کہا، ’’میری آپ سب سے اپیل ہے کہ۱۵؍ اگست کو ہم اس دن کو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منائیں۔‘‘
بخشی اسٹیڈیم میں داخلے کے انتظامات کے بارے میں ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں آنے والے افراد کی سہولت اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے تفصیلی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں پینے کے پانی، بیت الخلا اور ریفریشمنٹ کی سہولیات شامل ہیں۔
گرگ نے کہا کہ مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کرکے حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں اور قومی تقریب سے قبل ان انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
صوبائی کمشنر نے کہا، ’’سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کے اجلاس منعقد کیے گئے ہیں اور آئی جی کی سطح پر مسلسل جائزے جاری ہیں۔‘‘
وادی کے دوسرے اضلا ع میں بھی آج فل ڈریس ریہر سل ہو ئی ۔بارہمولہ کے خواجہ باغ میں شوکت علی اسٹیڈیم میں۸۰ویں یومِ آزادی کی فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ پرنجال جے ہزاریکا نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پہلے قومی گیت پیش کیا گیا، جس کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا۔
اننت ناگ کے شہید ہمایوں مزمل میموریل، گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز میںفل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ وکاس اہلاوت نے قومی پرچم لہرایا۔
شوپیاں کی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں یومِ آزادی کی فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ذاکر حسین فاض نے بطور مہمانِ خصوصی قومی پرچم لہرایا اور پریڈ سے سلامی لی۔
بانڈی پورہ ضلع میں فل ڈریس ریہرسل حب الوطنی کے جذبے اور طلبہ، سکیورٹی فورسز، افسران اور عام لوگوں کی فعال شرکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔مرکزی تقریب گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول ندی ہال میں منعقد ہوئی، جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بانڈی پورہ نذیر احمد میر نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔
کولگام کی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کولگام وکار احمد گیری نے قومی پرچم لہرایا اور شاندار مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔
بڈگام کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام وویک اگروال نے قومی پرچم لہرایا اور پولیس، جے کے آرمڈ پولیس، سی آر پی ایف، این سی سی اور مختلف اسکولوں کے طلبہ کے دستوں کے مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔
کپواڑہ کی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز زنگلی میں۸۰ ویں یومِ آزادی کی فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلزار احمد نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔ پریڈ میں جموں و کشمیر پولیس، جے کے آرمڈ پولیس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، فارسٹ پروٹیکشن فورس اور اسکولی طلبہ کے دستوں نے حصہ لیا۔
پلوامہ کی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایس ایم اشرف نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔
گاندربل کے قمریہ اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گاندربل نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا
۔۔۔۔۔ویب ڈیسک









