پورٹ آف اسپین//
شکھر دھون (97) اور محمد سراج (تین وکٹ) کی مدد سے ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو دلچسپ مقابلے میں پہلے ون ڈے میں تین رن سے شکست دی۔
ٹیم انڈیا نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سامنے 50 اوورز میں 309 رنز کا بڑا ہدف رکھا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز 305 رنز بنا کر صرف تین رنز سے ہار گئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کے لیے بھیجے جانے کے بعد کپتان شکھر دھون اور شبھمن گل کے درمیان سنچری پارٹنرشپ ہوئی۔ شبھمن گل، جو تیز رفتاری سے رنز بنا رہے تھے، رن آؤٹ ہوئے لیکن دھون دوسرے سرے پر ڈٹے رہے۔ شریس ائیر کے ساتھ مل کر انہوں نے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ حالانکہ وہ سنچری سے تین رنز کے فاصلے پر آؤٹ ہوئے اور ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آوٹ ہونے کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں، خاص طور پر اسپنرز نے بالکل درست لائنوں اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کی۔ فیلڈرز نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور کافی رنز بچائے۔ پچ بلے بازی کے لیے سازگار دکھائی دے رہی تھی لیکن آخری 45 منٹ میں پچ کا حساب بدل گیا۔
شکھر اور گل نے اوپننگ پارٹنرشپ میں ہندوستان کو 119 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ گل 53 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شکھر نے شریس ایر کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 94 رنز جوڑے۔ شکھر اپنی سنچری سے صرف تین رن دور تھے جب موتی کنہائی کی گیندپربروکس کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ شکھر نے 99 گیندوں پر 97 رن میں 10 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ان کے آؤٹ ہونے کے فوراً بعد ائیر کی وکٹ گر گئی۔ ائیر نے 57 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ سوریہ کمار 13 اور سنجو سیمسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کا پانچواں وکٹ 252 کے اسکور پر گرا۔
دیپک ہڈا اور اکشر پٹیل نے چھٹی وکٹ کے لیے 42 رنز بنا کر ہندوستان کو 300 کے قریب پہنچا دیا۔ 48ویں اوور کے آغاز سے قبل 52 گیندوں میں کوئی چوکا نہیں تھا لیکن 48ویں اوور میں ہڈا اور پٹیل دونوں نے ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ 49ویں اوور میں الزاری جوزف نے دونوں بلے بازوں کو اپنا شکار بنایا۔ شاردل ٹھاکر نے آخری گیند پر چوکا لگا کر ہندوستان کو 308 رنز تک پہنچا دیا۔ شاردل سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور گڈاکیش موتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔