بیلفاسٹ//
نیوزی لینڈ نے گلین فلپس (56) اور ڈیرل مچل (48) کی شاندار اننگز کی بدولت تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی۔ آئرلینڈ نے جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سامنے 175 رنز کا ہدف دیاجسے نیوزی لینڈ نے 19 اوورز میں حاصل کر لیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے اوپنر پال سٹرلنگ نےسب سے زیادہ 40 رنز بنائے۔ 29 گیندوں کی اپنی اننگز میں انہوں نے تین چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ لورکن ٹکر نے 28 (19) اور ہیری ٹییکٹر نے 23 (20) رنز بنائے۔ آخر میں مارک ایڈیئر نے 15 گیندوں میں دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنا کر آئرلینڈ کو 20 اوورز میں 174 رنز تک پہنچا دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سوڈھی نے چار اوورز میں دو وکٹوں کے عوض 27 رنز دیے جبکہ بلیئر ٹکنر نے چار اوورز میں دو وکٹوں پر 35 رنز دیے۔ اس کے علاوہ مچل اور جیکب ڈفی نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن 175 کے ہدف کے تعاقب میں 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ گرنے کے کچھ دیر بعد وکٹ کیپر ڈین کلیور بھی پانچ رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ مارٹن گپٹل نے 19 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے لیکن جارج ڈوکریل نے بھی کریز پر ان کا وقت ختم کیا۔ 65 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد، فلپس اور مچل نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی جس نے آئرلینڈ کو میچ سے باہر کردیا۔ فلپس نے 44 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز بنائے جبکہ مچل نے 32 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنائے۔ 17ویں اوور میں مچل کی وکٹ گرنے کے بعد کریز پر آنے والے جیمز نیشم نے چھ گیندوں پر 23 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیل کر میچ 19 اوورز میں ختم کر دیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں آئرلینڈ کو کلین سویپ کر دیا۔