بولاوایو،// زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی قیادت اب ویان ملڈر کریں گے کیونکہ قائم مقام کپتان کیشو مہاراج کمر میں کھنچاؤ کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم کے باقاعدہ کپتان ٹیمبا باووما کی غیر موجودگی کے بعد کیشومہاراج کو زمبابوے سیریز کے لیے قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا تھا، لیکن وہ پیر کے روز پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن بلے بازی کرتے ہوئے زخمی ہو گئےتھے۔ چوٹ کی شدت جاننے کے لیے وہ مزید جانچ کے لیے وطن واپس جائیں گے۔
مہاراج کی جگہ ٹیم میں سینورَن متھوسامی کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر ویان ملڈر 6 جولائی سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں کپتانی کریں گے۔
فاسٹ بولر لُنگی اینگڈی، جنہیں ٹیم میں شامل کیا جانا تھا، کو پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے تیز گیند بازوں کو مزید موقع دینے کے لیے ٹیم سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فاتح جنوبی افریقہ نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی، جس میں لوآن-ڈری پریٹوریئس، کاربن بوش اور ویان ملڈر نے سنچریاں اسکور کیں، جبکہ کوڈی یوسف، مہاراج، ملڈر اور بوش نے وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو 328 رنز سے شکست دی۔ دوسرا ٹیسٹ بھی بولاوایو میں کھیلا جائے گا۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم:
ویان ملڈر (کپتان)، ڈیوڈ بیڈنگھم، میتھیو بریٹزکے، ڈیوالڈ بریویس، کاربن بوش، ٹونی ڈی زورزی، زبیر حمزہ، کوینا مفاکا، سینورَن متھوسامی، لوآن-ڈری پریٹوریئس، لیسیگو سینوکون، پرینیلن سبریئن، کائل ویریں، اور کوڈی یوسف۔