(ایجنسیاں)
سرینگر؍۳ ؍اگست
جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ دہشت گردانہ سازش کو ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے ایک دستی گرینیڈ، تین ملک مخالف پوسٹر اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی پلوامہ پولیس، فوج کی ۴۴ راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی ۱۸۳ ویںبٹالین نے مشترکہ طور پر دربگام۔پچر سڑک پر ناکہ چیکنگ کے دوران انجام دی۔
پولیس نے بتایا کہ مشترکہ ناکہ پارٹی نے دربگام سے پچر کی جانب آتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو دیکھا۔ سیکورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی اس نے مبینہ طور پر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اہلکاروں نے تعاقب کرکے اسے پچر روڈ پر فروٹ منڈی کے نزدیک گرفتار کر لیا۔
گرفتار شخص کی شناخت توصیف احمد ڈار ساکن دربگام پائیں، پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک دستی گرینیڈ، تین ملک مخالف پوسٹر اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
اس واقعے کے سلسلے میں تھانہ راجپورہ میں آرمز ایکٹ کی دفعات ۷/۲۵ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعات ۱۳، ۱۸، ۲۳ اور ۳۹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ برآمد شدہ مواد کا ذریعہ معلوم کرنے اور اس معاملے میں ممکنہ مزید روابط کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔










