ایجنسیاں
بارہمولہ ؍۳۱جولائی
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بونیار علاقے میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) جمعہ کو گولی لگنے سے مردہ پائے گئے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت اے ایس آئی شیو دت(۵۶) ولد شَوران، ضلع مظفر نگر، اتر پردیش کے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے۔
وہ بی ایس ایف کی۱۷۵ ویں بٹالین سے وابستہ تھے اور بونیار میں تعینات ای کمپنی میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
حکام کے مطابق اے ایس آئی شیو دت اپنی جائے تعیناتی پر گولی لگی ہوئی حالت میں مردہ پائے گئے۔ ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر اپنی سرکاری سروس رائفل سے خود کو گولی ماری، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہے۔
اطلاع ملنے پر بونیار پولیس تھانے کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات شروع کر دیں۔
حکام نے کہا کہ واقعے کی اصل وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
۔۔۔۔۔۔










