(ویب ڈیسک)
سرینگر؍۲۸ جولائی
جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں منگل کو امرناتھ یاتریوں کو لے جانے والی ایک تیز رفتار بس سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم۳۹ یاتری زخمی ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور ایک موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔
حکام کے مطابق بس ہری گنی وان میں ایک مکان پر جا گری۔ حادثے میں مکان کو شدید نقصان پہنچا، تاہم یہی مکان بس کو دریائے سندھ میں گرنے سے بچانے کا سبب بنا۔ حادثے کے وقت مکان میں کوئی موجود نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے تمام یاتری بابا امرناتھ کی گپھا کے درشن کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ مقامی لوگوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو نکال کر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز)، صورہ کا دورہ کیا اور زخمی یاتریوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
سنہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا،’’آج سکمز، سرینگر کا دورہ کرکے گاندربل کے گنی وان میں پیش آنے والے افسوسناک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے شری امرناتھ یاترا کے یاتریوں کی خیریت دریافت کی‘‘۔
سنہا نے کہا’’بابا امرناتھ کے فضل و کرم سے آج صبح اسپتال میں داخل تمام۳۹ یاتریوں کی حالت مستحکم ہے اور وہ علاج کا مثبت جواب دے رہے ہیں۔ میں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ سینئر حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ یاتریوں کو ہر ممکن مدد اور ذاتی دیکھ بھال فراہم کی جائے، جبکہ صحت یاب ہونے کے بعد انہیں بحفاظت ان کے آبائی مقامات تک پہنچانے کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو زخمی یاتریوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا’’وزیر اعلیٰ نے گنڈ، کنگن میں پیش آنے والے سڑک حادثے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے، جس میں یاترا مکمل کرکے سرینگر واپس آنے والے متعدد یاتری زخمی ہوئے ہیں‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت دی ہے اور وزیر صحت سکینہ ایتو کو سکمز، صورہ بھیجا ہے تاکہ وہ علاج معالجے کی نگرانی کریں۔
ادھر وزیر صحت، طبی تعلیم، اسکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ ایتو نے بھی سکمز صورہ کا دورہ کیا اور زخمی یاتریوں کی عیادت کی۔
سکینہ نے اسپتال میں زیر علاج یاتریوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور علاج و صحت یابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیر صحت نے ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ہر زخمی مریض کو بہترین علاج اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
وزیر نے معالج ڈاکٹروں اور طبی عملے سے بھی تبادلۂ خیال کیا اور زخمی یاتریوں کے علاج کے لیے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
موصوفہ نے زخمی یاتریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرہ یاتریوں کو معیاری طبی سہولیات اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔










