سرینگر//
بی جے پی کے آرگنائزیشن جنرل سکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں انتخابات منعقد کرانے کا صحیح وقت آیا ہے ۔
کول نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے اور جب بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے اعلان ہوگا تو ہم حصہ لیں گے ۔
بی جے پی جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی ضلع اسلام آباد میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
کول نے کہا’’ایسا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کہا ہے کہ ہم۳۱؍اکتوبر کو فائنل ووٹر لسٹ دیں گے اس کے بعد کبھی بھی وہ الیکشن منعقد کرانے کا اعلان کر سکتے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی ہمیشہ سے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے اور جب الیکشن کمیشن آف انڈیا اعلان کرے گا تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جو میٹنگیں ہماری یہاں ہو رہی ہیں وہ الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ہی ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں الیکشن کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہی لینا ہے ۔
کول کا کہنا تھا ’’مجھے لگتا ہے کہ یہاں الیکشن کرانے کا صحیح وقت ہے ۔‘‘
بی جے پی لیڈر کاکہنا تھا’’ آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر میں غیر متوقع چیزیں ہوں گی۔ بی جے پی نہ صرف جموں بلکہ کشمیر میں بھی اہم قدم جمائے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہاں ان کا کوئی اتحادی نہیں ہے، کیونکہ این ڈی اے کا کوئی بھی ساتھی جموں و کشمیر میں نہیں ہے اور وہ جموں و کشمیر میں اگلی حکومت بنائیں گے۔
کول نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران پی اے جی ڈی کا ان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ ان کا زمین پر کوئی اتحاد نہیں ہے۔