نئی دہلی//
ملک کے ۱۵ویں صدر کے انتخاب کیلئے ووٹوں کی گنتی جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی۔
پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس، ریاستی اسمبلیوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔
اس بار صدارتی انتخاب میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کی امیدوار دروپدی مرمو اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے ۔
صدارتی انتخاب میں۹۹فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ پولنگ کے بعد پورے ملک کے تمام پولنگ اسٹیشنوں سے بیلٹ بکس یہاں پارلیمنٹ ہاؤس لایا گیا ہے جہاں جمعرات کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
بیلٹ بکس سڑک یا ہوائی راستے سے پوری حفاظت کے ساتھ لائے جاتے ہیں اور پارلیمنٹ ہاؤس کے ایک چیمبر میں محفوظ رکھے جاتے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی صبح۱۱بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم ۶۳میں ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار صدارتی انتخاب میں کل۷۴۹۶ووٹرز تھے جن میں سے۹۹فیصد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
گیارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں۱۰۰فیصد ووٹنگ ہوئی۔ صدارتی انتخاب کے لیے دہلی اور پڈوچیری سمیت ۳۰مقامات پر ووٹنگ ہوئی۔ اس انتخاب میں راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے اراکین کے علاوہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی قانون ساز اسمبلیوں کے ساتھ منتخب نمائندوں کو بھی ووٹ ڈالنے کا حق حاصل تھا۔