قاہرہ//
مصر میں ٹرک اور مسافر بس کے درمیان تصادم میں 22 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں، ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کر کے اس کے ٹائر تبدیل کیے جارہے تھے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مصر کے جنوبی صوبے المنیا کے قریب ایک بس حادثے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت قاہرہ کے قریب ہائی وے پر ایک مسافر بس کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کر کے اس کے ٹائر تبدیل کیے جارہے تھے۔حادثے کے زخمیوں کو المنیا کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، المنیا قاہرہ سے تقریباً 220 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مصر میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں، یہ حادثات زیادہ تر تیز رفتاری، خراب سڑکوں یا ٹریفک قوانین پر عملدر آمد نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔