گال// پاکستان کے نوجوان سلامی بلے باز عبداللہ شفیق نے ناٹ آوٹ 160 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو بدھ کے روزسری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں چار وکٹ سے جیت دلائی۔
سری لنکا نے پاکستان کے سامنے 342 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پہلی اننگز میں سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 218 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور کپتان بابر اعظم (119) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 20 رنز کا اضافہ نہ کرسکا۔ بابر نے بھلے ہی سری لنکا کو بڑی برتری لینے سے روکا ہو لیکن سری لنکا کی اسپن کے سامنے پاکستان بیک فٹ پر تھا۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں دنیش چندیمل (ناٹ آؤٹ 94)، کشال مینڈس (76) اور اوشادا فرنینڈس (64) کی نصف سنچریوں کی بدولت دوسری اننگز میں 337 رن بناکر پاکستان کے سامنے 342 رنز کا بڑا ہدف رکھا، جہاں پاکستان نے شفیق کی بدولت کامیابی حاصل کی۔
شفیق کو سب سے پہلے اوپنر امام الحق (35) کا ساتھ ملا۔ دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 87 رنز کی اہم شراکت ہوئی جس نے پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کی۔ اظہر علی (6) کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر نے 55 رنز کی اہم اننگز کھیل کر شفیق کا ساتھ دیا۔
پاکستان کو آخری دن 120 رنز درکار تھے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے 40 رنز کی تیز اننگز کھیلی تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی دو وکٹیں تیزی سے گر گئیں۔ آغا سلمان (12) اور حسن علی (5) کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نواز (19 ناٹ آؤٹ) نے ایک اینڈ سنبھالا۔ آخر میں شفیق نے چوکا لگا کر پاکستان کو فتح دلائی۔
سری لنکا کے لیے پربھات جے سوریا (چار وکٹوں) کے علاوہ تمام گیند باز ناکام رہے۔ رمیش مینڈس اور دھننجے ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان دیموش کرونارتنے نے جے سوریا کو وکٹ کی تلاش میں 56.2 اوورز کروائے، لیکن ان کی چال کام نہ آئی۔
پاکستان کو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے گال کے اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔