جموں//
جموںکشمیر کے ضلع رام بن کے کھاری بانہال علاقے میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے کمین گاہ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ۲۳آر آر اور جموں وکشمیر پولیس نے مشترکہ طورپر بانہال کے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقے میں کمین گاہ کا پتہ چلا جہاں سے سیکورٹی فورسز نے۳۵؍اے کے۴۷گولیوں کے راؤنڈ‘۷پیکا ایمونیشن، سات نو ایم ایم راؤنڈ‘۲؍اے کے میگزین‘تین کلو گرام بارودی مواد‘ ایک زنگ آلودہ گرینیڈ ، ایک یو بی جی ایل، ایک عدد ریڈیو سیٹ ، ایک آئی ای ڈی کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء برآمد کی۔
پولیس نے معاملے کے متعلق ایک کیس زیر نمبر ۱۶۷کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
دریں اثنا جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر چھ کلو گرام آئی ای ڈی کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سرینگر پولیس نے ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاکر ایک نوجوان زاہد احمد میر ولد عبدالعزیز میر ساکن آری پتھ بیروہ بڈگام کو حراست میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران گرفتار نوجوان کی نشاندہی پر پولیس نے آئی ای ڈی کے لئے درکار سامان کو برآمد کیا۔اْن کے مطابق ایک الیکٹرک ڈیٹونیٹر، پانچ سو گرام بال بیرنگ اور کیل بھی برآمد کئے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ان بال بیرنگ اور کیلوں کو دھماکے کے دوران استعمال میں لانا مقصود تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی شاہراہ پر شام لال پیٹرول پمپ کے نزدیک بارودی مواد کو برآمد کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر ۹۹کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔