سرینگر//
سب انسپکٹر بھرتیوں میں بدعنوانی کے بعد ریکروٹمنٹ عمل کو منسوخ کرنے کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ نے فائنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی بھرتی عمل میں بھی تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس عمل میں اگر کسی طرح کی گڑبڑ پائی گئی تو ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔
محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’فائنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی بھرتی عمل میں بھی تحقیقات کی جائے گی اور انکوائری ٹیم کی سربراہی محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری آر کے گوئل کریں گے‘‘۔
حکمنامہ کے مطابق انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر اس معاملے میں کارروائی کی جائے گی اور اگر بھرتی عمل میں بے ضابطگی پائی گئی تو خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہوگی۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ اگر ’’بے ضابطگی نہیں پائی گئی تو بھرتی عمل کو مکمل کیا جائے گا‘‘۔
یاد رہے کہ سروس سلیکشن بوڈ (ایس ایس بی) نے گزشتہ مہینوں میں فائنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ کے ۹۷۲ کامیاب امیدواروں کی فہرست شائع کی تھی‘تاہم پولیس سب انسپکٹر بھرتی عمل میں بے ضابطگی پائے جانے کے بعد اس فہرست پر بھی شبہات پیدا ہوئے ہیں۔
گزشتہ پانچ روز سے فائنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ میں کامیاب قرار دئے گئے امیدوار سرینگر کی پریس کالونی میں احتجاج کر رہے ہیں وہیں جموں میں سلیکٹ کیے گئے امیداروں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس فہرست کو منسوخ نہ کیا جائے یا اس پر کوئی انکوائری نہ کی جائے۔