نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی 20 جولائی 2022 کو صبح 10 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دولت مشترکہ کھیل (سی ڈبلیو جی) 2022 کے لیے جانے والے ہندوستانی دستے کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ اس بات چیت میں ایتھلیٹس کے ساتھ ساتھ ان کے کوچ بھی شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم کی طرف سے بات چیت کھیلوں کے بڑے مقابلوں میں شرکت سے قبل کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ گذشتہ سال، وزیر اعظم نے ٹوکیو 2020 اولمپکس کے لیے جانے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کے دستے کے ساتھ ساتھ ٹوکیو 2020 پیرالمپکس گیمز کے لیے پیرا ایتھلیٹس دستے سے بات چیت کی تھی ۔
کھیلوں کے مقابلوں کے دوران بھی وزیراعظم نے کھلاڑیوں کی ترقی اور پیش رفت میں گہری دلچسپی لی۔ کئی مواقع پر، انہوں نے ذاتی طور پر کھلاڑیوں کو ان کی کامیابی اور مخلصانہ کوششوں پر مبارکباد دینے کے لیے فون کیا، اور انہیں بہتر کرنے کی ترغیب دی۔ مزید یہ کہ وطن واپسی پر وزیراعظم نے دستے سے ملاقات اور بات چیت بھی کی۔
سی ڈبلیو جی 2022 کا انعقاد برمنگھم میں 28 جولائی سے 08 اگست 2022 تک ہونا ہے۔ کل 215 کھلاڑی جو 19 کھیلوں کے 141 مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، ای ڈبلیو جی 2022 میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔