سرینگر//
جموں کشمیر میں ہفتے کے روز۲۲۴؍ افراد کی کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ماسک کے بغیر گھروں سے باہر نہ آئیں جبکہ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں سے جانے سے پرہیز کریں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں ہفتے کے روز۲۲۴؍افراد میں کورونا کی تشخیص پائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ سرینگرضلع میں ہفتے کے روز۸۸؍ افراد کی رپورٹ مثبت آئی، جموں میں ۸۲؍، ادھم پور میں۱۱، کٹھوعہ میں آٹھ، بارہ مولہ میں سات ، گاندربل میں پانچ، پلوامہ میں پانچ ، ڈوڈہ میں چار، بڈگام میں چار، ، کپواڑہ میں تین، راجوری میں دو اور سانبہ میں ایک شخص کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ ہفتے کے روز ۱۱۳مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فی الوقت جموں وکشمیر میں کل ملا کر ۹۶۷؍فعال کیس ہیں جس میں سے ۵۶۴جموں صوبے اور۴۰۳کشمیر ڈویڑن سے تعلق رکھتے ہیں۔
جموں و کشمیر میں کورونا کیسز میں ایک پھر اضافہ درج ہونے کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لوگوں سے کووڈ رہنما اصولوں پر عملدرآمد کرنے کی تلقین کی ہے۔
جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں لگاتار ہو رہے اضافے پر ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بخار، گلے میں خراش، کھانسی، بدن درد اور سردیاں کشمیر میں واپس آگئی ہیں۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے سے وادی کے ہسپتالوں میں روزانہ بخار ، گلے میں خراش ، کھانسی اور بدن درن جیسے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔انہوں نے ایسی صورتحال میں لوگوں سے چوکنا رہنے اور ماسک لگانے کی تاکید کی ہے۔
ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ماسک کے بغیر گھروں سے باہر نہ آئیں کیونکہ یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر چہ گھبرانے کوئی ضرورت نہیں ہے لیکن وائرس کے پھیلاو کوروکنے کی خاطر احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد ناگزیر ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ کئی روز سے کورونا کے یومیہ معاملات میں اضافہ درج ہو رہا ہے۔ماہرین کے مطابق کورونا کیسز میں اضافہ چوتھی لہر کی نوید ہوسکتی ہے۔