مرکزی حکومت نے بلا تعطل رسد کی یقین دہانی کرائی ہے‘وزیر اعلیٰ
ایجنسیز
جموں؍۲۸مارچ
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ یونین ٹیریٹری میں ایندھن کی ضروری اشیاء کی کوئی کمی نہیں ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ گردش کرتی افواہوں کے باعث گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔
اسمبلی کارروائی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایل پی جی، پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کے وافر ذخائر پورے جموں و کشمیر میں دستیاب ہیں۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ حکومت صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا’’کسی بھی چیز کی کوئی کمی نہیں ہے، چاہے وہ ایل پی جی ہو، پٹرول، ڈیزل یا مٹی کا تیل۔ لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے‘‘ اور قلت سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو حکومت ہند کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سپلائی برقرار ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔
ماضی میں بحران سے نمٹنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور کووڈ۱۹وبا کے دوران اجتماعی ردعمل کی مثال دی۔ انہوں نے کہا’’جس طرح ہم نے کووڈ کے دوران مل کر مقابلہ کیا، اسی جذبے کے ساتھ ہم ایسی صورتحال کا سامنا کریں گے‘‘۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری معلومات پر بھروسہ کریں اور گھبراہٹ میں خریداری سے گریز کریں۔
عمرعبداللہ نے کہا’’وزیر اعظم نے گزشتہ روز (جمعہ) ایک اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں ملک بھر کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، سوائے پانچ ریاستوں کے جہاں انتخابات ہو رہے ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’اجلاس کے دوران کابینہ سکریٹری نے موجودہ صورتحال پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس میں عالمی پیش رفت، خاص طور پر آبنائے ہرمز اور مغربی ایشیا میں کشیدگی، اور ان کے ممکنہ اثرات پر توجہ مرکوز کی گئی‘‘۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ضروری اشیاء، خصوصاً ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا’’حکومت ہند نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی ضروری شے کی کوئی کمی نہیں ہے‘‘۔
عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غلط معلومات کے باعث حال ہی میں جموں و کشمیر میں پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں لگ گئیں اور ایل پی جی سلنڈروں کی گھبراہٹ میں خریداری دیکھنے میں آئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’لوگ افواہوں پر توجہ نہ دیں’’اور مزید کہا کہ ان کی حکومت روزانہ کی بنیاد پر سپلائی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا’’فی الحال ایل پی جی سلنڈرز، ڈیزل، پٹرول یا مٹی کے تیل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت ہند نے بلا تعطل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے‘‘۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی شروع ہونے کے بعد کمرشل ایل پی جی سلنڈروں پر ابتدائی طور پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جن کی تقسیم۲۰ فیصد تک محدود کر دی گئی تھی، جسے اب بڑھا کر۷۰فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ گھریلو سلنڈروں کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں تھی۔
وزیر اعظم کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ ملک پہلے بھی کووڈ۱۹وبا کے دوران ’ٹیم انڈیا‘ کے طور پر متحد ہوا تھا اور اسی طرح کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد رہے گا۔ (ایجنسیاں)










