گاندربل واحد ضلع جہاں معمول کے قریب بارش ہوئی‘ کولگام اور شوپیان میںسب سے زیادہ بارش کی کمی ریکارڈ‘سرینگر میں ۴۶ فیصد کمی
(ندائے مشرق ڈیسک )
سرینگر؍۲۶مارچ
پچھلے ہفتے برف باری اور بارش ہونے کے باوجود، کشمیر ڈویژن میں۵۲ فیصد جبکہ جموں ڈویژن میں۴۶ فیصد بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات سرینگر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مارچ کے مہینے کے دوران دونوں ڈویژنوں کے بیشتر اضلاع میں معمول سے کم بارش ہوئی۔
کشمیر میں، متعدد اضلاع میں موسمی بارش کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران گاندربل واحد ضلع تھا جہاں معمول کے قریب بارش ہوئی۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جنوبی کشمیر کے دو اضلاع کولگام اور شوپیان میں وادی میں سب سے زیادہ بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کولگام میں صرف۲۲ء۴ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو۸۶ فیصد کی کمی ظاہر کرتی ہے، جبکہ شوپیان میں۱۶ء۳ ملی میٹر بارش ہوئی، جو۸۳فیصد کی کمی ہے۔
دیگر اضلاع میں بھی بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی، جن میں بڈگام میں۷۱فیصد، اننت ناگ میں۶۳فیصد، پلوامہ اور سرینگر میں۴۶ فیصد، بانڈی پورہ میں۴۱فیصد اور بارہ مولہ میں۳۸فیصد کمی شامل ہے۔
کپواڑہ میں نسبتاً کم۳۷فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ گاندربل واحد ضلع تھا جہاں اس دوران معمول کے مطابق بارش ہوئی۔ مجموعی طور پر، کشمیر ڈویژن میں یکم مارچ سے۲۶ مارچ کے دوران بارش کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مجموعی طور پر، کشمیر ڈویژن میں۱۵ء۲۳ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں۵۵ء۴۳ملی میٹر بارش ہوئی، جو۵۱ء۹۰ فیصد کی کمی ہے۔
جموں ڈویژن میں بھی بیشتر اضلاع میں معمول سے کم بارش ہوئی۔ تاہم، پونچھ اور سانبہ میں معمول کے مطابق بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیگر اضلاع جیسے جموں، کٹھوعہ، رام بن اور ادھم پور میں کمی کی شی میں رہے۔
اس ڈویژن میں۱۳۱ء۳۴ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں۷۱ء۱۲ ملی میٹر بارش ہوئی، جو۴۵ء۸۵ فیصد کی کمی ہے۔
ادھر، محکمہ موسمیات سرینگر نے۲۸سے۳۰ مارچ کے دوران جموں و کشمیر میں عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ وقفہ وقفہ سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بلندیوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے، جس کے ساتھ۴۰ تا۵۰کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایک مشاورتی نوٹس بھی جاری کیا ہے جس میں چند بلند علاقوں میں معتدل برف باری اور متعدد مقامات پر خاص طور پر۲۸سے۳۰مارچ کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ (ایجنسیاں)










