ڈبلن//پال اسٹرلنگ (120) اور ہیری ٹییکٹر (108) کی سنچریوں کے باوجود آئرلینڈ تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ایک رن سے ہار گئی۔
جمعہ کو ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کے سامنے 361 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم آئرلینڈ کی ٹیم 50 اوورز میں صرف 359 رنز ہی بنا سکی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرز مارٹن گپٹل اور فل ایلن نے بلیک کیپس کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ایلن (33) کے آؤٹ ہونے سے قبل دونوں نے 78 رنز کی شراکت داری کی۔ گپٹل نے کپتان ٹام لیتھم (30) کے ساتھ 60 رنز بنائے اور ہنری نکولس (79) کے ساتھ 96 رنز کی شراکت داری کی۔
اس دوران گپٹل نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ انہوں نے 126 گیندوں میں 15 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 115 رنز بنائے۔ آخر میں گلین فلپس نے تین گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کو 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 360 تک پہنچا دیا۔
اس بڑے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے کپتان اینڈریو بالبرنی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پال اسٹرلنگ نے سنچری بنا کر آئرلینڈ کو میچ میں برقرار رکھا۔ اسٹرلنگ نے 103 گیندوں پر 120 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 14 چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔