’پولیس نے قوم کے مستقبل کے لیے اپنا آج قربان کیا‘اس نے قومی وقار کو جان سے زیادہ عزیز رکھا‘
جموں: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو جموں و کشمیر پولیس کو ہدایت دی کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ تعاون کر کے دہشت گرد نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’جے اینڈ کے پولیس کا اٹوٹ عزم اور قوم کے لیے پیغام یہ ہے کہ مشکلات ہمارے حوصلے کو نہیں توڑ سکتیں۔ ہم آگے بڑھتے ہوئے ہر رکاوٹ عبور کر کے نئے سنگ میل حاصل کریں گے‘‘۔
سنہاجموں کے کے کے ہکّو ہاکی اسٹیڈیم میں جے اینڈ کے پولیس کے شہداء میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
دس برس سے زائد وقفے کے بعد منعقد ہونے والے اس سال کے ٹورنامنٹ میں۱۴ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جے اینڈ کے پولیس کے بہادر اہلکاروں نے قوم کے مستقبل کے لیے اپنا آج قربان کیا، انہوں نے اپنی وردی کو سب کے لیے فرض سمجھا اور قومی وقار کو جان سے زیادہ عزیز رکھا، اس لیے انہیں ہماری یادوں میں ہمیشہ زندہ رہنا چاہیے۔
ایل جی نے کہا کہ بہادروں کو حقیقی خراج عقیدت کبھی مدھم نہیں پڑتا بلکہ آنے والی نسلوں کی رگوں میں زندہ رہتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ہمارے پولیس شہداء نے فرض اور ایثار کے فلسفے کو عملی شکل دی۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان اقدار کو آگے منتقل کریں اور نوجوانوں کے مضبوط کردار کی تعمیر کریں‘‘۔
سنہا نے سیوک ایکشن پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر جموں و کشمیر پولیس کی ستائش کی۔
ایل جی نے کہا’’جے اینڈ کے پولیس کا سیوک ایکشن پروگرام صرف سرکاری اسکیم نہیں بلکہ ایک سوچ ہے جو معاشرے کو بتاتی ہے کہ پائیدار امن باہمی اعتماد سے جنم لیتا ہے اور سکیورٹی تعلقات اور کمیونٹی شمولیت سے مضبوط ہوتی ہے‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے معاشرے کے ہر طبقے سے منشیات کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا’’ہم منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے عہد کی تجدید کرتے ہیں اور شہداء میموریل ہاکی ٹورنامنٹ اسی عزم کا اعلان ہے‘‘۔
سنہا نے نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اور یو ٹی انتظامیہ نوجوانوں کا ہاتھ تھامنے، انہیں روشن مواقع دینے اور ایسا معاشرہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں جہاں صلاحیت کو پلیٹ فارم، نوجوان توانائی کو سمت اور خوابوں کو وسائل میسر ہوں۔
افتتاحی تقریب میں ڈی جی پی جے اینڈ کے نلین پربھات، اسپیشل ڈی جی (کوارڈینیشن) ایس جے ایم گیلانی، کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز، سول ڈیفنس و ایس ڈی آر ایف عبدالغنی میر، اے ڈی جی پی آرمڈ پولیس آنند جین، پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران، ہاکی ایسوسی ایشن کے اراکین اور ممتاز کھلاڑیوں نے شرکت کی۔










