سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے شمالی ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہائی برڈ جنگجو کو گرفتار کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے بارہمولہ کے کریری علاقے میں ایک چیک پوائنٹ پر لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو کو گرفتار کیا۔انہوں نے گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت محمد اقبال بٹ ساکن تلہ گام پائین کے بطور کی۔
بیان میں کہا گیا’’گرفتار شدہ ہائی برڈ جنگجو پاکستانی جنگجوؤں سیف اللہ اور ابو ضرار کے ساتھ رابطے میں تھا اور وہ جنگجوؤں کو منطقی سپورٹ فراہم کر رہا تھا‘‘۔
پولیس بیان میں کہا گیا’’مذکورہ ہائی برڈ جنگجو کی گرفتاری سے جنگجوؤں کی بڑی سازشوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور اقلیتوں فرقے کے لوگوں اور غیر مقامی لوگوں پر ہونے والے حالیہ حملوں کے ماڈیول کو تباہ کر دیا گیا ہے ‘‘۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ مذکورہ جنگجو ناربل اور رنجی کے درمیان شاہراہ پر آئی ای ڈی حملے کرنے کیلئے کمیلکز وغیرہ فراہم کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ جنگجو کی تحویل سے ایک پستول، ایک میگزین اور کچھ اسلحہ بر آمد کیا گیا۔