سرینگر//
’’اللہ اکبر ، اللہ اکبر لاالا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر واللہ الحمد ‘‘سنتی ابراہیمی کی پیروی میں کل ملک کے دیگر حصوں کی طرح وادی کشمیر میںبھی عید الاضحی روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائیگی جس کے دوران وادی کے مسلمان لاکھوں جانوروں کی قربانی پیش کر یں گے۔
عیدالاضحی حضرت ابراہیم ؑ کے اْس ایمانی جذبے کی یاد میں منائی جاتی ہے جس کے تحت وہ باری تعالیٰ کے حکم پر اپنے فرزند حضرت اسماعیل ؑکو اللہ کی راہ میں قربان کرنے پرلبیک کہہ گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق عیدا لاضحی کی تقریب سعید کل اتوار کو انتہائی تزک واحتشام ، مذہبی جوش وجذبہ اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی۔
اس سلسلے میں نماز عید کی خصوصی تقریبات میںلاکھوں فرزندان توحید شرکت کر کے رب کائنات کی بارگاہ میں سر بسجود ہونگے۔ نماز عید الاضحی کی سب سے بڑی تقاریب درگاہ حضرت بل، جناب صاحب صورہ ، خانقاہ معلی اور شہری سرینگر کی دوسری بڑی مساجد وخانقاہوں کے علاوہ وادی بھر کے ضلعی وتحصیل صدر مقامات کی مساجد اور خانقاہوں اور درگاہوں میں ادا کی جائے گی۔
اس سلسلے میں تیاریاں پہلے ہی مکمل کی گئی ہیں نماز عید کے فوراً بعد سنت ابراہیمی کے تحت حلال جانوروں کی قربانی کا سلسلہ اڈھائی دنوں تک جاری رہے گا۔
خیال ر ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں، افغانستان اور یورپ کے کچھ ممالک میں عید الاضحی ہفتہ کو مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں حاجیوں سمیت فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی۔
اس سلسلے میں وادی بھر کی مساجد ، خانقاہوں اور درگاہوں میںتیاریاں پوری کر لی گئی ہیں تاکہ فرزندان توحید کو نماز عید ادا کرنے میںکسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنانہ کرنا پڑے۔ شہر سرینگر کی دیگر بڑی بڑی جامع مساجد، درگاہوں وخانقاہوں کے علاوہ وادی بھر کے ضلعی وتحصیل صدر مقامات پر واقع جامع مساجد اور خانقاہوں و درگاہوں میںبھی نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات ہونگے ۔
اس سلسلے میں بارہمولہ، اوڑی، پٹن ، سوپور ، ٹنگمرگ ، بانڈی پورہ ، سمبل ، حاجن ، کپواڑہ ، ہندواڑہ، لنگیٹ، وترگام ، کرناہ ، گریز ، گاندربل ، کنگن ، بڈگام ، چاڈورہ ، اونتی پورہ ، پانپور، ترال ، بجبہاڑہ، کھنہ بل ، اننت ناگ ، کولگام ، دمہال ہانجی پورہ، قاضی گنڈ ، ککر ناگ، پہلگام اور دیگر اہم قصبوں میں نماز عید کی ادائیگی کے لئے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر سیاسی ومذہبی لیڈران دوسری مساجد وخانقاہوں میں دوسرے لاکھوں فرزندان توحید کے ہمراہ نماز عید ادا کریں گے ۔کرگل اور لہیہ میں بھی عید الاضحی کی تقریب سعید عقیدت وحترام کے ساتھ منائی جائے گی ۔حضرت ابراہیم ؑ کے جذبے کے تحت مسلمانوں پر عیدالاضحی کے موقعے پر کسی حلال جانور کو قربان کرنا واجب قراردیا گیا ہے، اور ہر سال اس موقعہ پر اس دن کی مناسبت سے دنیا کے ہر خطے کے مسلمان قربانی پیش کرتے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ حج بیت اللہ کی ادائیگی بھی اسی روز اختتامی مراحل سے گذرتی ہے۔ عید نماز کے بعد جانوروں کو قربان کرنے کا سلسلہ شروع ہوگاجو تیسری عید کی دوپہر تک جاری رہے گا۔ ہرسال کی طرح اس بار بھی وادی کے مسلمان حسب روایت لاکھوں بھیڑ بکریوں اور دیگر جانوروں کی قربانی پیش کرکے حضرت ابراہیم ؑ کے جذبہ ایثار کے ساتھ اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کریں گے۔ واضح رہے عید کے موقعہ پر نئے کپڑے پہننا، خوشبو لگانااور بیماروںکی عیادت کرنا سنت ہے۔