سرینگر: جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے ناکام طلبہ کے لیے رائج پرانے نصاب کو ختم کر دیا ہے۔ پرانے نصاب کے تحت جماعت۱۰،۱۱؍اور۱۲کے فیل/ری اپیئر امیدواروں کو امتحان پاس کرنے کے لیے متعدد مواقع فراہم کیے جا چکے تھے۔
بورڈ کے ضوابط کے مطابق یہ نصاب اپنی مدتِ اعتبار پوری کر چکا ہے، لہٰذا اب فیل یا ری اپیئر طلبہ کو پرانے نصاب کے تحت امتحان دینے کا مزید کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔
بورڈ کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ رواں سال کے اواخر میں ہونے والے سالانہ پرائیویٹ/دو سالہ (بائی اینول) امتحانات کے لیے نئے نصاب کے مطابق تیاری کریں، جو سمر زون کے امتحانات اور سالانہ نتائج کے اعلان کے بعد منعقد ہوں گے۔
یہ نوٹیفکیشن پیشگی طور پر جاری کیا گیا ہے تاکہ پرانے کورس کے طلبہ بروقت نئے نصاب کی طرف منتقل ہو سکیں اور۲۰۲۶اور اس کے بعد ہونے والے سالانہ پرائیویٹ/دو سالہ امتحانات میں شرکت کر سکیں۔یہ بھی مشاہدہ میں آیا ہے کہ پرانے نظامِ تعلیم کے تحت امتحانات کلیئر نہ کر پانے والے طلبہ کی تعداد نہایت کم ہے۔










