نئی دہلی// ہندوستان نے سابق جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کے انتقال پر ہفتہ کے روز ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا جب کہ لال قلعہ، راشٹرپتی بھون، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر اہم مقامات پر ترنگا آدھا جھکا رہے گا۔ جاپان کے مقبول لیڈر کا ہندوستان سے گہرا تعلق تھا۔ مسٹر آبے کا دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں خصوصی کردار تھا۔
واضح رہے کہ مسٹر آبے کو جاپانی شہر نارا میں انتخابی مہم میں خطاب کرنے کے دوران پیچھے سے گولی مار دی گئی تھی جس سے ان کی موت ہوگئی تھی۔ ان کے تئيں احترام کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک دن کے لیے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
دیگر ممالک میں بھی ہندوستانی سفارت خانوں اور دفاتر میں آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو نے بھی ایک روزہ قومی سوگ کے پیش نظر کولکاتہ کا اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔