سرینگر/(ویب ڈیسک)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کا کہنا ہے کہ امسال حجاج کی مجموعی تعداد۸ لاکھ۹۹ ہزار۳۵۳ رہی جن میں بیرونی اور اندرون مملکت سے آنے والے عازمین شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امسال ۲۰۲۲ میں حج کے لیے بیرون مملکت سے مجموعی طورپرآنے والے عازمین کی تعداد۷ لاکھ ۷۹ ہزار ۹۱۹ تھی جبکہ ایک لاکھ ۱۹ ہزار۴۳۴ اندرون مملکت سے سعودی شہری اوریہاں رہنے والے غیر ملکی شامل تھے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں برس حج کے لیے آنے والوں میں مجموعی طورپر۴ لاکھ ۸۶ ہزار۴۵۸ مرد جبکہ۴ لاکھ۱۲ ہزار۸۹۵ خواتین شامل ہیں۔
بیرون مملکت سے آنے والے حجاج کے حوالے سے اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ عرب ممالک سے آنے والے عازمین کا تناسب۴ء۲۱ فیصد جبکہ ایشیائی عازمین کا تناسب۸ء۵۳ فیصد‘ افریقی حجاج ۲ء۱۳ فیصد اورامریکہ و یورپی حجاج کا تناسب۶ء۱۱ فیصد رہا۔
فضائی ذریعے سے آنے والے عازمین کی مجموعی تعداد۷ لاکھ۳۸ ہزار۶۸۰ رہی جبکہ زمینی راستے سے آنے والے عازمین ۳۵ ہزار ۲۱۰ اور سمندری ذریعے سے آنے والے۶ ہزار ۲۹ عازمین شامل تھے۔