سرینگر//(ویب ڈیسک)
کورونا کی وبا کے بعد دو سال میں پہلی بار دنیا بھر کے ۱۰ لاکھ عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے میدان عرفات میں جمع ہوئے ہیں اور وہاں سے رقت آمیز مناظر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو جذباتی کردیا۔
میدان عرفات ’لبیک اللہم لبیک‘ کی صداؤں اور عازمین کی جانب سے خدا سے گناہوں کی معافی کی دعائوں اور رقت آمیز صدائوں سے گونج اٹھا۔
حج کی سعادت حاصل کرنے کے دوران دنیا بھر کے مسلمانوں کی عبادت کرنے، خدا تعالیٰ سے رقت آمیز میں معافی مانگنے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور انہیں دیکھنے والے لوگ بھی جذباتی ہوگئے۔
سال۲۰۱۹ اور کورونا کی وبا کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا بھر کے ۱۰ لاکھ مسلمان فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔
حج کے موقع پر سعودی حکام نے سخت احتیاطی تدابیر کے پیش نظر جگہ جگہ موبائل ہسپتال یونٹ، عارضی لیبارٹریز اور کلینکس بھی قائم کر رکھی ہیں جب کہ ہیلی کاپٹرز سمیت ایمبولینسز کی بہت بڑی تعداد کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔
اس سال سعودی حکام نے زیادہ رضاکاروں کی خدمات حاصل کی ہیں اور طبی رضاکاروں کے علاوہ سیکیورٹی رضاکاروں کی تعداد بھی کہیں زیادہ کردی گئی ہے۔
کورونا کی وبا سے قبل سالانہ۲۵ سے۲۷ لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مقدس مقامات پہنچتے تھے مگر وبا کے خوف کی وجہ سے اس بار کم لوگوں کو حج کی اجازت دی گئی۔
کورونا کی وبا کے دوران ۲۰۲۰؍ اور ۲۰۲۱ میں صرف سعودی عرب میں مقیم محدود عازمین کو حج کی اجازت دی گئی تھی۔