نئی دہلی// ہندوستان کے سابق کپتان اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گانگولی نے جمعہ کو اپنی 50 ویں سالگرہ منائی۔
کولکاتہ کے پرنس نے 1992 میں گابا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 1996 میں لارڈز میں کھیلا جہاں انہوں نے 131 رنز کی سنچری اننگ کھیل کر لارڈز کے آنرز بورڈ میں اپنا نام درج کرایا۔
1972 میں پیدا ہوئے، گنگولی نے اپنے 17 سالہ کرکٹ کیریئر میں 113 ٹیسٹ اور 311 ایک روزہ میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے دونوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 18575 رنز بنائے اور 38 سنچریاں بھی بنائیں۔
گانگولی کو ان کی دمدار بلے بازی کے علاوہ جارحانہ کپتانی کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔
جدید ہندوستانی ٹیم کی تشکیل کا سہرا گنگولی کے سرجاتا ہے۔ انہوں نے 195 میچوں میں ہندوستان کی کپتانی کی جس میں سے ٹیم نے 97 میں کامیابی حاصل کی۔
گانگولی نے اکتوبر 2019 میں بی سی سی آئی کے صدر کا عہدہ سنبھالا۔
گانگولی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے سابق ہندوستانی کرکٹر یوراج سنگھ نے کہا، "سالگرہ مبارک ہو دادا۔ آپ ایک بہترین دوست، ایک مضبوط کپتان اور ایک سینئر رہے ہیں جس سے ہر نوجوان سیکھنا چاہے گا۔”