نئی دہلی// روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے درمیان آج ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل 133ویں دن کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں آج لندن برینٹ 4/05 فیصد اضافے کے ساتھ101/99 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے اور یو ایس کروڈ 4/27 فیصد اضافے کے ساتھ 99/10 ڈاکر فی بیرل پر ہے۔
ایندھن کی قیمتوں میں 4 نومبر 2021 کو تیزی سے کمی آئیجب مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 روپے اور 10 روپے کی کمی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد ریاستی حکومت کے ویلیو ایڈڈ ٹیکس(ویٹ )کو کم کرنے کے فیصلے کے بعد دارالحکومت دہلی میں بھی ویٹ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بعد دارالحکومت میں 2 دسمبر 2021 کو پٹرول تقریباً آٹھ روپے سستا ہو گیا۔ تاہم ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔زیادہ تر ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے بھی پٹرول اور ڈیزل پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ ) کو کم کر دیا تھا جب مرکز نے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی تھی، جس سے عام آدمی کو بڑی راحت ملی تھی۔
اگرچہ پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، لیکن اب ہولی کے بعد ان کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے حال ہی میں یورپ اور امریکہ کی طرف سے روس پر عائد پابندیوں کے درمیان روس سے خام تیل خریدا ہے۔ روس اس وقت تیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم قیمت پر خام تیل فروخت کر رہا ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔
(یو این آئی)