کولکاتہ، 22 نومبر (یو این آئی) الیکشن کمیشن مغربی بنگال کے اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری کی طرف سے تین ضلع مجسٹریٹ کے خلاف درج کی گئی شکایات کا جائزہ لے رہا ہے ۔
ضلع مجسٹریٹ ڈسٹرکٹ الیکٹورل افسر (ڈی ای او) کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔ تینوں ضلعی مجسٹریٹس پر خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران پروٹوکول کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔
مسٹر شوبھندو ادھیکاری نے اپنے آبائی ضلع مشرقی مدنا پور کے ساتھ ساتھ ہگلی اور مشرقی بردوان کے ضلع مجسٹریٹ کے خلاف شکایتیں درج کرائی ہیں۔ انہوں نے یہ شکایات ایس آئی آر کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے اس ہفتے ریاست کا دورہ کرنے والی الیکشن کمیشن کی مرکزی ٹیم کو پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا، "میں نے کمیشن کو ایسے واقعات کے بارے میں مطلع کیا جہاں یہ ضلع مجسٹریٹ مطلوبہ طریقہ کار پر عمل نہیں کر رہے تھے ۔ ایسی شکایات ملی ہیں کہ وہ بوتھ سطح کے اہلکاروں پر غیر ضروری دباؤ ڈال رہے ہیں۔”
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یو این آئی کو بتایا، "ہمیں شکایات موصول ہوئی ہیں اور الزامات کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے ان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر جائزہ لینے کے بعد ہمیں کچھ ٹھوس ثبوت ملا تو کارروائی شروع کی جائے گی۔”
مسٹر شوبھندو ادھیکاری نے ایس آئی آر کی کارروائی میں کئی ضلع مجسٹریٹس کے کردار پر بار سوال اٹھایا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے اس دعوے کو رد کیا کہ بوتھ سطح کے افسران کام کے بوجھ کی وجہ سے دباؤ میں ہیں اور اس کے بجائے الزام لگایا کہ کچھ ضلع مجسٹریٹ افسران کو ووٹر لسٹ کی تصدیق کے دوران "غلط کام” کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مشرقی مدنا پور، ہگلی اور مشرقی بردوان میں ضلع مجسٹریٹ ڈی ای او "کل وقتی ترنمول کانگریس کے انتخابی ایجنٹ” کے طور پر کام کر رہے ہیں، اور بوتھ سطح کے افسران پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ ضلعی سطح پر کام کرنے والے حکمراں پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ سرکاری او ٹی پی شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ دباؤ کا مقصد ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کرنے کے لیے بی ایل او’ ایپ کا غلط استعمال کرنا تھا۔










